بھٹکل 21؍ جولائی ( ایس اونیوز) بھٹکل تعلقہ سے کنّڑا پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کا دوسرے اسکولوں میں تبادلہ کرنے سے پیدا ہ ہونے والے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے اور اس سلسلے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد کی جانب سے تحصیلدار کی معرفت ایک میمورنڈم وزیر اعلیٰ کرنا ٹک کو بھیجا گیا ہے۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے تبادلوں سے حق لازمی تعلیم RTEکے بہت سارے تقاضے پورے نہیں ہوتے اورچھوٹے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کا حکومت کا جو منصوبہ ہے وہ بھی کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔ آرٹی ای کے تحت یہ قانون ہے کہ جس اسکول میں طلباء کی تعداد 50ہو وہاں پر کم از کم 3اساتذہ ہونے چاہئیں، اور اگر یہ تعداد51ہوجاتی ہے تو پھر وہاں 4 اساتذہ کا تقرر ہونا چاہیے۔ 30طلباء کے لئے ایک استاد کے ذریعے تقریباً21 مضامین کی تعلیم دینا اور پھر اس کے بعد معیاری تعلیم کی امید رکھناکہاں تک معقول بات ہوسکتی ہے۔ کم ازکم ہر کلاس کے لئے ایک استاد مقرر ہوتو پھربہتر تعلیم کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ کھیل کود، آرٹس اینڈ کرافٹ، موسیقی وغیر ہ کے لئے اساتذہ کی ضرورت الگ سے ہوتی ہے۔ان سب باتوں کو دھیان میں رکھے بغیر موجودہ پرائمری اسکولوں سے اساتذہ کی تعداد کم کرنابہت سارے کنڑا اسکولوں کو بند کرنے کی راہ پر لے جانا ہے۔
میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چونکہ دیہی علاقوں میں زیادہ تر غریب اور پسماندہ بچے ہی کنڑا میڈیم سے پرائمری تعلیم کے لئے اسکولوں میں داخلہ لیتے ہیں اور اس کے ساتھ حکومت بھی دوپہر کے کھانے اور دیگر پرکشش سہولتوں کے ذریعے بچوں کو ان اسکولوں میں داخلہ لینے پر آمادہ کرتی ہے، اس صورت میں اگر اسکولوں میں اساتذہ کی کمی واقع ہوجائے گی اور تعلیمی معیار گرتا جائے گا تو پھران اسکولوں میں داخلہ کون لے گا۔
بھٹکل تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح غیر سائنسی انداز میں اساتذہ کے تبادلوں پر روک لگائے اور کنڑا اسکولوں کو فروغ دینے کی جو کوشش سرکار کررہی ہے اس کے برخلاف اقدامات سے گریز کیا جائے۔
بھٹکل تحصیلدار بی این باڈکر نے میمورنڈم کو وصول کیا، اس موقع پربھٹکل تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک، دیگر اراکین ڈاکٹر ضمیر اللہ شریف، ڈاکٹرآر وی سراف،ماناسوتا، نذیر قاسمجی، مُنیرسمیت کافی ذمہ داران موجود تھے۔